اسرائیلی فوج نے غزہ کے الشفا اسپتال کو ایک گھنٹے میں خالی کرنے کا حکم دے دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ڈاکٹرز، مریضوں اور بے گھر افراد کو ایک گھنٹے میں الشفا اسپتال خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس حوالے سے الشفا اسپتال کے ڈاکٹر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک گھنٹے میں اسپتال سے نکل کر جنوب کی طرف جانے کا کہا ہے۔
الشفا اسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اسپتال سے ایک گھنٹے کے اندر انخلاء کرنا ممکن نہیں، زخمیوں اور بچوں کے انخلاء کے لیے ایمبولینسیں بھی موجود نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں زخمیوں کی تعداد 30 ہزار سے بھی زیادہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 5 ہزار بچے اور 3300 خواتین شہید ہوئیں جبکہ 1800 بچوں سمیت تقریباً 4 ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں اور متعدد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔