لکھنؤ: بلرام پور اسپتال میں مریضوں کے بستروں پر داغ دار بیڈ شیٹ بچھانے کے معاملے کی جانچ شروع کردی گئی ہے۔ گندی بیڈ شیٹس کی شکایت کے بعد افسران حرکت میں آگئے۔ اسپتال انتظامیہ نے لانڈری آپریٹر کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
وارڈن کو گندی یا داغدار بیڈ شیٹ ملنے کی صورت میں وارڈن سے جواب طلب کیا جائے گا۔بلرام پوراسپتال بیڈ شیٹس کی صفائی پر بہت زیادہ خرچ کرتا ہے۔ لانڈری آپریٹر کو ہر ماہ کپڑے دھونے کیلئے 700 روپئے فی بستر ادا کئے جاتے ہیں۔اسپتال میں 700سے زائد بستر ہیں۔
صفائی کے نام پر اتنا بجٹ خرچ کرنے کے بعد بھی مریضوں کو صاف چادریں نہیں مل رہیں۔ آئے روز ایسی شکایات موصول ہوتی ہیں کہ بستروں پر سوراخوں والی گندی اور پھٹی ہوئی چادریں بچھی ہوئی تھیں۔
الزام ہے کہ لانڈری ملازمین بیڈشیٹ کی صفائی کے نام پر کھیل کھیل رہے ہیں۔ ہفتے کے روز نئی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر بچھی چادروں پر بڑے بڑے داغ تھے۔تیماردار نے پہلے اس کی شکایت کی لیکن جب بات نہ بنی تو اس نے کئی بیڈ شیٹس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔ ویڈیو کچھ ہی دیر میں وائرل ہو گئی۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپتال کے سی ایم ایس ڈاکٹر اتل مہروترا نے بتایاکہ گندی چادروں کا معاملہ سامنے آیا ہے اس لئے لانڈری آپریٹر کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھلی ہوئی چادریں دیکھ کر ریسیو کرنا وارڈن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نےکہاکہ چادریں گندی کیوںریسیوکی گئی اس کیلئے جواب طلب کیاجائےگا۔ مریضوں کو دی جانےوالی سہولیات سے اس طرح کا سمجھوتہ نہیںکیاجائےگا۔