لکھنؤ: راجدھانی کے کچھ روٹوں پر ای-رکشہ چلانے والوں پر پابندی عائد ہو سکتی ہے۔ ٹریفک پولیس اس سے متعلق منصوبہ تیار کر رہی ہے جلد ہی اسے نافذ کیا جا سکتا ہے۔ لکھنؤ میں موجودہ وقت میں50ہزار سے زائد ای-رکشہ چل رہے ہیں۔ بے ترتیبی کی وجہ سے پریشانی کا یہ سبب بنے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ای-رکشہ کیلئے روٹ متعین کئے جائیں اور نابالغ لڑکوں کو قطعی ای-رکشہ نہ چلانے دیاجائے۔ وزیر اعلیٰ ابھی حال ہی میں سابق وزیر آشوتوش ٹنڈن کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کرنے پرانے لکھنؤ گئے تھے۔
راستے میں جگہ جگہ بے ترتیب ای-رکشہ دوڑتے ہوئے دکھائی دئے۔ اس پر وزیر اعلیٰ کی ناراضگی کے بعد روٹ متعین کرنے کی کارروائی کی گئی۔ اے ڈی سی پی ٹریفک کے مطابق روٹ پلان پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
فی الحال ای-رکشہ کی منظم آپریٹنگ کیلئے پولیس ملازمین کی مزید ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ روٹ پلان میں عوام کی سہولت کو بھی ذہن میںر کھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی روٹ پلان نافذ کر دیاجائے گا۔