لکھنؤ : ’سیمانت گاندھی سوشل ویلفیئر ٹرسٹ‘ کی جانب سے یوم آئین پر یوپی پریس کلب میں مذاکرہ کاانعقادکیاگیا۔ ٹرسٹ کے صدربلال نورانی کی صدارت میں منعقدمذاکرہ میں مقررین نے آئین کی تمہیدمیں درج مساوات اور اظہاررائے کی آزادی کا حلف لیا۔
مذاکرہ کاآغازعذرامبین نے آئین کی تمہید پڑھ کرکیا۔ مذاکرہ میں سماج وادی مفکر شاہ نواز قادری نے آئین پر خطرے اور ترمیمات کےذریعہ آئین کی اصل روح سے چھیڑچھاڑکا ذکر کیا۔ انہوں نےکہاکہ گزشتہ کچھ برسوں میں آئین میں ترمیم کے سلسلہ میں عوامی طور پربیان دیاجارہاہےجوٹھیک ہے۔
طاہرہ حسن نے باباصاحب ڈاکٹر بھیم رائوامبیڈکرکی جدوجہد کاذکر کرتےہوئے آئین کوخواتین اورمحروم طبقوںکاسب سے بڑاہتھیاربتایا۔ انہوں نےکہاکہ آئین نے سب کو برابری کاحق دیا۔ خواتین کو ان کے حقوق دئے۔ آج ضرورت خواتین کواپنے حقوق جان کر انہیں حاصل کرنے کی ہے۔
مولانا سفیان نظامی نے آئین میں اقلیتوںکےمذہبی حقوق کاذکرکرتے ہوئے ان سے چھیڑ چھاڑروکنے پر زوردیا۔ پی جی آئی کے شعبہ امراض اطفال کے ایچ او ڈی ڈاکٹر بسنت نے مذہبی انتہا پسندی کےذریعہ آئین سے چھیڑچھاڑکا اندیشہ ظاہرکیا۔
سماجوادی پارٹی کےسابق رکن اسمبلی انوپ سنڈانے سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کیلئے اختیارکئےجانےوالے اقدام کے مضر نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مساوی نظریہ کیلئےنظریات کی یکسانیت اورجدوجہد پرزور دیا۔ مذاکرہ کی نظامت پرویزملک زادہ نے کی اور ٹرسٹ سکریٹری عذرامبین نے مہمانوںکاشکریہ اداکرتے ہوئے ٹرسٹ کے آئندہ منصوبوںکےبارےمیںبتایا۔