لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بی جے پی نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے مظفرنگر فسادات کے سلسلہ میں بیان پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان ڈاکٹر منوج مشرا نے ملائم سنگھ کے بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مظفرنگر فسادات پر ہم کیا کر سکتے تھے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی کے سربراہ اتنے
کمزور ہیں تو ریاست کی باگڈور انہوں نے کیوں سنبھال رکھی ہے۔ ان کے ذریعہ بے چارگی کا اظہار کرنے پر انہوں نے کہا کہ صرف بے چارگی ظاہر کرنے سے فساد متاثرین کی تکلیفیں اور پریشانیاں کم نہیں ہو جائیں گی۔ ترجمان نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملائم سنگھ اور وزیر اعلیٰ اتنے نا امید کیوں ہیں۔ انہیں پارلیمنٹ کے الیکشن میں صبر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ مظفر نگر فسادات پر اگر آپ کچھ نہیں کر سکتے تھے تو کم سے کم استعفیٰ تو دے ہی سکتے تھے۔
ریاست کے عوام حیران ہیں کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت فسادات میں کچھ بھی نہیں کر سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی تصدیق سپریم کورٹ نے بھی کی تھی کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت مظفرنگر فسادات کیلئے ذمہ دار ہے۔