چاول اور سبزیوں کے ساتھ تلی ہوئی مچھلی بظاہر آسان ڈش ہے لیکن ہم آج اسے منفرد انداز میں پکانا سکھائیں گے، منفرد سرونگ کے ساتھ یہ ڈش دیکھ کر ہر کوئی تعریف کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔
تاریخ سے پتا چلتا ہے کہ بہار کے موسم میں لوگ تلی ہوئی چیزیں کھانا پسند کرتے تھے جیسے پکوڑے، کچوریاں، پوریاں اور ایسے تمام پکوان جنہیں تلا جاتا ہو اسی طرح تلی جانے والی یہ مچھلی بھی عوام میں بے حد مقبول ہے۔
آخر اس تلی ہوئی مچھلی کا ہر کوئی دیوانہ کیوں ہے، اس خستہ اور لطیف ذائقہ ہمیں بار بار اپنی طرف کیوں کھینچتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ اسے پکانے کے لیے زیادہ وقت درکار نہیں ہوتا، بس آپ کو تھوڑا سا مکھن، لال مرچ، نمک، لہسن، ادرک اور تلنے کے لیے کڑاہی درکار ہوتی ہے اور دس منٹ میں ایک شاندار ڈنر تیار ہو جاتا ہے۔
مزے دار مچھلی بنانے کے ساتھ اس کی سرونگ بھی خاصی اہمیت رکھتی ہے، اسی لیے آج ہم مچھلی کے ساتھ سفید چاول اور سبزی کی منفرد سرونگ کرنا آپ کو سکھائیں گے۔
مچھلی بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے تازہ 500 گرام دھو کر صاف کرلیں اور اسے ایک برتن میں ڈال دیں، اب اس میں دو، دو کھانے کے چمچ لیموں کا رس، نمک اور کالی مرچ، ایک عدد پیپریکا اور آدھا آدھا چائے کا چمچ زیرہ، دھنیا اور لال مرچ اور لہسن پاؤڈر ڈال کر مچھلی کو میرینیٹ کرلیں۔
مچھلی کو ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھیں۔
ایک گھنٹے بعد ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور مچھلی کو اچھی طرح فرائی کرلیں، اب اس کو ٹیشو پر نکال کر رکھ دیں تاکہ تیل جذب ہوجائے۔
چاول کی تیاری
دو کپ باسمتی چاول دھو کر صاف کرلیں، چاولوں کو 20 منٹ تک بھگو دیں۔
اب ایک ایک برتن میں تیل گرم کریں اور اس میں ایک عدد دار چینی، الائچی اور لونگ شامل کریں اور ایک چائے کا چمچ نمک اور تین کپ پانی ڈال دیں۔
چاولوں کو تیز آنچ پر پکائیں جب تک کہ پانی کی مقدار کم نہ ہوجائے پھر 25 منٹ کے لئے ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔
سبزی بنانے کا طریقہ
ایک پین میں تھوڑا تیل ڈالیں اس میں 150 گرام پیاز کے چھوٹے ٹکڑے، کٹا ہوا لہسن (13 گرام)، کالی مرچ (100 گرام)، ٹماٹر (250 گرام)، مکس سبزیاں (250 گرام)، ایک چمچ نمک شامل کرکے درمیانی آنچ پر 15 منٹ تک پکائیں۔
سرونگ
اب کیک پین لیں اور اس میں سب سے پہلے تلی ہوئی مچھلی کی تہہ شامل کریں پھر اس میں سبزی کی تہہ شامل کریں اور پھر آخر میں چاول کی تہہ لگا لیں۔
اب اسے سرونگ ٹرے پر پلٹائیں اور چاول اور سبزیوں کے ساتھ مزیدار تلی ہوئی مچھلی انجوائے کریں۔