بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ کو صبح 5 بجکر 55 منٹ پر ریلیز کرنے کی وجہ سامنے آگئی۔
مداحوں کا انتظار ختم ہوگیا اور آخر کار شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ آج ریلیز ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم ’ڈنکی‘ کو ممبئی کے مشہور گیٹی گلیکسی سینما میں صبح 5 بجکر 55 منٹ پر ریلیز کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلم کی اسکریننگ کے لیے منتخب کیا گیا وقت صرف اداکار کے مداحوں کے لیے ہی نہیں بلکہ خود شاہ رخ خان کے لیے بھی بہت خاص ہے۔
اس حوالے سے ایک مداح نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ہم نے شاہ رخ خان کی فلم کے لیے مخصوص وقت کا انتخاب کرنا اس وقت سے شروع کیا جب فلم’پٹھان‘ ریلیز ہوئی اس سے پہلےگیٹی گلیکسی سنیما میں فلموں کی اسکریننگ دن 12 بجے ہوتی تھی۔
مداح نے بتایا کہ لیکن فلم ’پٹھان‘ کی ریلیز کے لیے ہم نے رات 9 بجے کے وقت کا انتخاب کیا پھر فلم ’جوان‘ کے لیے صبح 6 بجے کے وقت کا انتخاب کیا اور اب جب فلم ’ڈنکی‘ ریلیز ہونی تھی تو ہم پھر سے کچھ مختلف کرناچاہتے تھے اس لیے ہم نے اس فلم کی اسکریننگ 5 بجکر 55 منٹ پر کروانے کا انتخاب کیا۔
مداح نے مزید بتایا کہ ہم نے ایسا اس لیے بھی کیا کیونکہ 5 شاہ رخ خان کا لکی نمبر ہے اور ان کی کار کا نمبر بھی 555 ہے۔
واضح رہے کہ فلم ساز راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کی کہانی 5 دوستوں کے گروہ کے گرد گھومتی ہے، جو لندن جانے اور رہائش اختیار کرنے کا خواہاں ہیں۔
اس گروپ میں شاہ رخ خان کے ساتھ تاپسی پنو، وکی کوشل اور دیگر شامل ہیں۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں دیا مرزا، بومن ایرانی، دھرمیندر سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔