امیٹھی (بھاشا)ٹی وی سیریل کی مشہور بہو کے کردار سے سیاست میں داخل ہونے والی امیٹھی کی پارلیمانی نشست سے بی جے پی امیدوار اسمرتی ایرانی نے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ترقی کے نام پر علاقہ کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیاہے۔ پارلیمانی حلقہ امیٹھی میں انتخابی مہم کا آغاز کر
تے ہوئے ایرانی نے نکڑ جلسوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیٹھی میں کہیں پر بھی ترقی نظر نہیں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ راہل گاندھی نے امیٹھی میں ترقیاتی کام کرائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دس سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد بھی نوجوانوں کو روزگار نہیں ملا۔اب امیٹھی کے لوگ کانگریس کے گاندھی کو بخوبی سمجھ گئے ہیں کیونکہ ترقی کے نام پر راہل گاندھی نے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔اسمرتی ایرانی نے دعوی کیا کہ مہنگائی اور بدعنوانی سے پریشان عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔پارٹی کے ریاستی انچارج امت شاہ اور راجستھان کی وزیر اعلیٰ کے متنازعہ بیانات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ بی جے پی لیڈران کا مقصد ملک میں تبدیلی کے لئے عوام کو بی جے پی کے حق میں ووٹنگ کرنے کے لئے ترغیب دینا تھا۔