میرٹھ (بھاشا)میرٹھ کے کانگریس شہر صدر سلیم بھارتی آج سماجوادی پارٹی میں شامل ہوگئے۔انہیں سماجوادی پارٹی کے میرٹھ ہاپوڑ نشست کے امیدوار اور کابینی وزیر شاہد منظور نے سماجوادی پارٹی
کی رکنیت دلائی۔
اس موقع پر سلیم بھارتی نے کہا کہ کانگریس میں امیدواروں کی کمی تھی جس کی وجہ سے انہیں میرٹھ نشست پر باہر سے لاکر امیدوار کو اتارنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ باہر کے امیدوار (اداکارہ نغمہ)کو الیکشن بھی باہر کے لیڈر ہی لڑارہے ہیں۔سلیم کے سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے کے بعد کانگریس کے سابق ریاستی سکریٹری چودھری یشپال سنگھ نے کہا کہ سلیم کی پارٹی کے تئیں وفاداری کی قلعی اسی دن کھل گئی تھی جب وہ گزشتہ دنوں کانگریس امیدوار نغمہ کے کاغذات نامزدگی لیکر فرار ہوگئے تھے۔اسی وجہ سے نغمہ کو اگلے دن کاغذات نامزدگی داخل کرنا پڑاتھا۔ واضح رہے اس واقعہ کے بعد اداکارہ وکانگریس امیدوار نغمہ نے سلیم بھارتی کو اپنی انتخابی مہم ٹیم سے باہر کردیا تھا۔ اس کے بعد شہر کانگریس صدر کے طور پر سلیم بھارتی نے کانگریس امیدوار نغمہ کی انتخابی مہم میں شامل کانگریس کے ریاستی نائب صدر ہریندر اگروال اور مغربی اترپردیش کانگریس کے معاون انچارج پردیپ کنچل کو نوٹس بھیج کر پارٹی لیڈران کے ساتھ مارپیٹ اور گالی دینے کے الزام میں پارٹی سے ۶سال کے لئے انہیں نکال دیا تھا۔
ہریندر اگروال نے سلیم بھارتی کے نوٹس کو پارٹی کے آئین کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی شکایت پارٹی قیادت سے کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی یہ امید کی جارہی تھی کہ الیکشن کے بعد پارٹی کی قیادت سلیم بھارتی کو باہر کردے گی۔