کانپور (نامہ نگار)کلیان پور تھانہ علاقہ کے باشندے انسپکٹر کے گھر میں گھس کر چوروں نے ان کی سروس ریوالور اور جیب میں رکھی ہوئی رقم چوری کرلی ۔ چوری کا علم ہونے کے بعد انسپکٹر نے واردات کی اطلاع تھانہ پولس کو دی۔ سی او نے واردات کی تفتیش کے بعد واردات کو مشتبہ سمجھتے ہوئے ڈی آئی جی کو مکمل تفصیلات سے واقف کرایا۔ موصولہ خبر کے مطابق کلیاب پور کی آواس وکاس کالونی کے باشندے وشنو چندر گنگوار پولس محکمہ میں سب انسپکٹر کے عہدہ پر فائز ہیں۔اس وقت وہ قنوج ضلع میں تعینات ہیں۔کل دیر رات وہ بذریعہ ٹرین گھر واپس پہنچے اور صبح اٹھنے کے بعد انہوں نے تھانہ پولس کو چوری کی واردات کی اطلاع دی۔چوری کی اطلاع ملنے کے بعد سی او شری پال یادو وایس او آنند مشرا موقع پر پہنچے۔ تفتیش کے دوران سب انسپکٹر نے سی او کو ریوالور اور جیب میں رکھی ہوئی رقم کی کہانی سنائی۔کیونکہ گھر کے نہ
تو تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور نہ ہی چھت سے آنے جانے کے نشان تھے۔سی او کے مطابق گھر واپس آتے ہوئے سب انسپکٹر کو ٹرین میں نیند آگئی ہوگی اسی دوران کسی چور نے ان کی سروس ریوالور اور نقد رقم جیب سے نکالی ہوگی۔اس سے بچنے کے لئے سب انسپکٹر کے ذریعہ چوری کی واردات کی من گھڑت کہانی تیار کی گئی ۔ سی او نے واردات کو مشتبہ سمجھتے ہوئے پورے معاملے کی تفصیل ڈی آئی جی آرکے چترویدی کو بتائی۔سی او کی رپورٹ پر ڈی آئی جی سب انپسکٹر کے گھر پہنچے اور انہوں نے تفتیش کی۔پولس فی الحال غائب ریلوالور کوتلاش کررہی ہے۔