لکھنؤ : ۔بند گھروں اور دکانوںکو نشانہ بنانے والےگروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے کرشنا نگر پولیس نے دو بھائی بہن سمیت پانچ ممبران کو گرفتار کیا ہے۔ گروہ سرغنہ بھائی بہن کو بتایا جارہا ہے۔ ملزمین کے قبضہ سے چوری کامال برآمد ہوا ہے۔ ملزم چوری کی موٹرسائیکل سے حادثات کو انجام دیتے تھے۔
کرشنا نگر انسپکٹر جتیندر پرساد کے مطابق چیکنگ کےدوران گنگا کھیڑا ریلوے انڈر پاس کے پاس پولیس ملازمین کو دیکھ کر موٹرسائیکل سوارلوگ بھاگنے لگے جنہیں دوڑا کرپکڑلیا گیا۔
ملزمین کی پہچان تال کٹورہ کے دریاپورمینا بیکری کےپاس رہنے والے فیروز خان ، نیلوفرعرف گٹا، ساحل ، منا عرف سمیر اور بازار کھالہ سنجے نگر باشندہ دیپانشو کی شکل میں ہوئی ہے۔ فیروز اور نیلوفر آپس میں بھائی بہن ہیں۔ ملزمین کےقبضہ سے موٹرسائیکل، اسکوٹی ، سبمرسیبل پمپ اور تانبے کا تار برآمد ہوا ہے۔
تفتیش میںملزمین نے برآمد مال چوری کا ہونے کا قبول کیا ہے۔ فیروز نے بتایاکہ ساتھیوں کےساتھ مل کر اس نے 2جنوری کو مینا بیکری کے پاس ہی اسکوٹی اور موٹرسائیکل چوری کی تھی۔ اس کے بعد کیسری کھیڑا پھاٹک کے پاس دکان کا شٹر توڑکر قریب 4ہزار روپئے ، تانبے کا تار اور موٹر چوری کرلیا تھا۔
وہیں ڈیڑھ ماہ قبل کیسری کھیڑا پھاٹک کےپاس واقع زیر تعمیر مکان اور سعادت گنج میںدکان کا شٹر توڑکر 4450 روپئے چوری کرنے کی بات قبول کی ہے۔ پولیس کے مطابق فیروز کچھ وقت قبل ہی جیل سے چھوٹ کر آیا تھا۔