لاہور: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ایکسپریس نیوز کی دعوت پر پاکستان آنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں۔بالی ووڈ کے میگا اسٹار اور کئی دہائیوں سے فلم نگری پر راج کرنے والے امیتابھ بچن نے ایکسپریس نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ پاکستان میں ان کے بہت سے چاہنے والے ہیں جب کہ پاکستانیوں سے میرا رشتہ بھی بہت پرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ لائل پور (فیصل آباد) میں پیدا ہوئیں جب کہ انہوں نے اپنی تعلیم لاہور سے حاصل کی، میرے خاندان کے بہت سے لوگ کراچی میں بھی رہتے ہیں۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ میں 2 سال کی عمر میں اپنی والدہ کے ہمراہ کراچی اور لاہور گیا تھا اور اب دوبارہ جب بھی موقع ملا پاکستان ضرور آؤں گا۔کرکٹ سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر بگ بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ دل لگا کر دیکھتا ہوں، پاکستانی ٹیم بڑی خطرناک اور تمام کھلاڑی بہت اچھے ہیں جب کہ فضل محمود اور مشتاق کا کھیل انہیں بہت پسند تھا۔ پاکستانی اداکاروں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ محمد علی ان کے پسندیدہ اداکار تھے جب کہ اس دور میں پاکستانی ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل اور ان میں اداکاری کرنے والے فنکار بھی انہیں بہت پسند تھے۔امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے فن کاروں کو ایک دوسرے کے ممالک آتے جاتے رہنا چاہئے کیوں کہ اس سے ایک دوسرے کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے ہم ایک ہی ملک میں بستے ہیں اور خواہش ہے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ ماحول بنا رہا۔ سیاست کے حوالے پوچھے گئے سوال پر بگ بی کا کہنا تھا کہ سیاست سے توبہ کرچکا ہوں، جب سے سیاست کو چھوڑا ہے اس کے قریب کبھی نہیں گیا اور نہ ہی آئندہ کبھی جاؤں گا۔