ممبئی: اداکارہ سوناکشی سنہا نے اداکار ارجن کپور کو پیشہ ور اداکار کا خطاب دیدیا۔ سوناکشی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے اداکار ارجن کپور کے ساتھ فلم ’’ تیور‘‘ میں کام کیا ہے۔وہ پیشہ ور اداکار ہیں جن میں کمال کی اداکارانہ صلاحیتیں موجود ہیں جس کا مظاہرہ انھوں نے باکمال طریقے سے فلم میں کیا ہے۔ وہ ہر ایک کے ساتھ سیٹ پر تعاون کرتے تھے تاکہ ان سے کسی کو دقت نہ ہو لیکن ہر ایک سے محدود تعلق رکھنے میں انھیں اداکار کے ساتھ کام کر کے بے حد اچھا لگا۔دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد ان کا ملک بدعنوانی سے پاک ہوجائیگا جب کہ سیاسی نظام میں بھی تبدیلی آئے گی انھوں نے کہا کہ اس وقت ہر شہری کرپشن اور ملک میں پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے سخت عاجز آچکا ہے انھوں نے کہا کہ میرے والد ہمیشہ ملک میں کرپشن کے خلاف رہے ہیں اور انھوں نے ہمیں بھی یہی سمجھایا کہ حالات خواہ کچھ بھی ہوں ہمیں بدعنوانی کا راستہ نہیں اپنانا چاہیے۔وہیںدوسری طرف تامل فلموں کے ایکشن ہیرو اداکار رجنی کانتھ ویسے تو اپنی عمر سے آدھی سے بھی کم عمر کی ہیروئنوں کے ساتھ رومانوی سین پکچرائز کرانے میں ذرا سا بھی نہیں ہچکچاتے لیکن دبنگ گرل سوناکشی سنہا کے ساتھ رومانوی سین عکس بند کرانے سے انکارکردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 60 سالہ رجنی کانتھ اپنی اگلی تامل فلم میں بطور ہیرو مرکزی اداکار کر رہے ہیں لیکن جب انہیں فلم پروڈیوسر کے اس ارادے کی خبر ہوئی کہ وہ ان کے مقابل اداکارہ کے کردار کے لئے 27 سالہ سوناکشی سنہا کو کاسٹ کرنا چاہ رہے ہیں تو وہ تذبذب کا شکار ہوگئے اور ان کا خیال تھا کہ سوناکشی کے والد ان کے قریبی دوست ہیں اور اداکارہ ان کی بیٹیوں کی طرح ہیں، ایسی صورتحال میں وہ کیسے ان کے ساتھ رومانوی سین کرسکتے ہیں جس کے بعد پروڈیوسر نے سوناکشی سنہا کے بجائے کسی اور اداکارہ کو رجنی کانتھ کے مقابل لانے کا سوچنا شروع کردیا ہے۔