رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں یمن کے اقدام کو جہاد فی سبیل اللہ قرار دیا ہے۔
آج بروز منگل ایران بھر کے ائمہ جمعہ نے تہران کے حسینیہ امام خمینی میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں غزہ کے عوام کی حمایت میں بحیرہ احمر میں یمن کے اقدام کی قدردانی کی ۔ آپ نے فرمایا کہ حق یہ ہے کہ یمنی عوام اور حکومت نے بہت کام کیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ یمنی افواج نے صیہونی حکومت کے شاہرگ پر وار کیا اور امریکا کی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوئے کیونکہ جو خدا سے ڈرتا ہے وہ غیر خدا سے نہیں ڈرتا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ان کا کام جہاد فی سبیل اللہ کا مصداق ہے اور ہمیں امید ہے کہ مکمل کامیابی تک ان کی مجاہدت جاری رہے گی اور خدا کی نصرت ان کے شامل حال ہوگی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے کہ غزہ کے عوام مظلوم اور فاتح ہیں ۔ آپ نے فرمایا کہ غزہ کے عوام نے اپنی استقامت سے اسلام اور قران کی مقبولیت بڑھا دی ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دنیا کے ایک ایک فرد، مسلم اور غیرمسلم سب کی نگاہ میں غاصب صیہونی حکومت، ظالم ، خونخوار، وحشی اور بے رحم بھی ہے اور اسی کے ساتھ شکست خوردہ بھی اور اس کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔