اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایرانی ڈرون اور میزائلوں نے “جیش العدل” کے نام سے موسوم دہشت گرد گروہ کو نشانہ بنایا ہے جو کہ ایرانی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے، جو کہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہیں،
ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایرانی ڈرون اور میزائلوں نے “جیش العدل” (جیش الظلم) کے نام سے موسوم گروہ کو نشانہ بنایا ہے جو ایک دہشت گرد گروہ ہے اور ایرانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان کے صوبۂ بلوچستان کے بعض علاقوں میں مقیم ہے اور اس بارے میں ہم نے پاکستان کے سیکورٹی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جیش العدل نامی دہشت گرد گروہ نے ایران میں دہشت گردانہ کارروائیاں کی ہیں جو بعض ایرانی سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کا باعث بنی ہیں۔
حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہمارا جوابی اقدام پاکستان کے اندر ایرانی دہشت گردوں کے خلاف تھا اور یہ کہ ہم پاکستان اور عراق کے اقتدار اعلیٰ کا احترام کرتے ہیں لیکن پاکستان اور عراق کے کردستان علاقے میں موجود دہشت گردوں کے ساتھ قطعاً کوئی رو رعایت نہیں کریں گے۔
ہماری کارروائی کا مقصد ایران، پاکستان، عراق اور خطے کی سلامتی میں مدد کرنا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے غاصب اسرائیل کے بارے میں کہا کہ ایران، اسرائیل کی طرف سے انجام پانے والے ہر اقدام کا منہ توڑ جواب دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عراق کے کردستان علاقے میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے اور اس کا مطلب عراق پر حملہ نہیں ہے اور یہ کہ اسرائیل ہمارا مشترکہ دشمن ہے۔