عراق میں مزاحمتی گروہوں کے ٹھکانوں پر امریکی حملے کے بعد مقامی ذرائع نے مشرقی شام میں امریکی فوجی اڈے میں دھماکے کی آواز سنائی دینے کی خبر دی ہے۔
المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق شام کے صوبے دیرالزور میں الکونیکو گیس فیلڈ میں امریکی غاصب فوجیوں کے اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گيا ہے۔
یہ حملہ مغربی عراق میں مزاحمتی گروہوں کے ٹھکانوں پر امریکہ کے جارحانہ حملوں کے کچھ ہی گھنٹوں بعد کیا گیا۔ عراقی میڈیا نے اس سے پہلے رپورٹ میں کہا تھا کہ امریکہ نے عراق میں اسلامی مزاحمت کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔
امریکی دہشتگردی کی مرکزی کمان سنٹکام نے اعلان کیا ہے کہ اس نے عراق میں کتائب حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔ عراقی میڈیا نے بدھ کی صبح کو اطلاع دی ہے کہ جرف النصر میں ملٹری کالج اور عراق-اردن کی سرحد پر واقع “طربیل” کراسنگ کے قریب ایک علاقے کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایک امریکی فوجی اہلکار نے بدھ کی صبح کو الجزیرہ چینل کو بتایا کہ امریکی فوج اس وقت مغربی عراق میں فوجی اڈوں پر حملے کر رہی ہے۔