غزہ کے سرکاری انفارمیشن سنٹر نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں اڑتیس سے زیادہ قتل عام کی کارروائیاں انجام دی ہیں۔
غزہ کے سرکاری انفارمیشن سنٹر کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج نے گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں اڑتیس سے زیادہ قتل عام کی کارروائیاں انجام دیں جس کے نتیجے میں صوبہ خان یونس میں تین سو پچاس افراد شہید ہوگئے ہیں۔
غزہ میں سرکاری انفارمیشن سنٹر نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امدادی ٹیمیں اور میڈیکل عملہ اب تک ان دسیوں شہیدوں تک رسائی حاصل نہيں کر سکا ہے جن کی لاشیں سڑکوں پر پڑی ہوئی ہیں کیونکہ غاصب صیہونی فوجی بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے شہداء کی لاشیں اٹھانے نہيں دے رہے ہيں۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے جرائم اور ان کی جانب سے شہداء کے جنازے قبرستانوں ميں دفن کرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی بنا پر ایک سو پچاس شہیدوں کو ناصر اسپتال کے اندر ہی دفن کرنا پڑا ہے۔