لندن: معروف برطانوی ارب پتی تاجر ڈینی لیمبو مشرف بہ اسلام ہو گئے، جس کے بعد انہوں نے عمرہ ادا کیا۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ڈینی کیرن جنہوں نے اپنا نام تبدیل کرکے ڈینی لیمبو رکھا تھا، نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کیا اور اپنی نئی زندگی سے متعلق خیالات بتائے۔
انسٹاگرام پر عمرہ ادا کرنے کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے ڈینی لیمبو نے کہا کہ کسی کو اس بات کا پتا نہیں ہوتا کہ زندگی اسے کس راہ پر لے جانے والی ہے۔ میں کاروبار کے لیے سعودی عرب کے دورے پر تھا اور کام جلدی ختم ہوگیا، جس کے بعد ایک شخص مجھے مکہ لے آیا، جہاں میری زندگی کا نیا روحانی اور جذباتی سفر شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب برطانیہ میں میری واپسی ایک مسلمان کے طور پر ہوگی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈینی لیمبو خانہ کعبہ کے سامنے رو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈینی لیمبو کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 50 ملین پاؤنڈ ہے۔انہوں نے 16 سال کی عمر میں تعلیم چھوڑ کر گلوکاری کا پیشہ اختیار کیا تھا۔ اس کے علاوہ ہوٹل کے بزنس سے ملنے والے منافع سے وہ صرف 22 سال کی عمر ہی میں کروڑ پتی لوگوں میں شمار ہونے لگے تھے۔