کانپور: مقامی سینٹرل ریلوے اسٹیشن سے گزرنے والی تقریباًایک درجن ٹرینوں میں اچانک چھاپہ مار کارروائی کے دوران پینٹری کار اور کوچوںکا افسران نے باریکی سے مشاہدہ کیا۔ گندگی ملنے پر صفائی اہلکاروں پر ناراضگی ظاہر کی۔
اس کے ساتھ بغیر ٹکٹ سفر کررہے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد سے ۵۰ہزار روپئے جرمانہ وصول کیاگیا۔ اسسٹنٹ کامرشیل منیجر سنتوش کمار ترپاٹھی نے کہاکہ بڑے اسٹیشنوں پر مناسب جگہ پر ٹرین کا کوڑا کرکٹ پھینکا جائے ،
ان جگہوں کی مسلسل صفائی کرائی جاتی رہے۔ڈپٹی چیف ٹریفک منیجر آشوتوش سنگھ کی ہدایت پر پورا دن اجودھیاجانے والی ٹرینوں پر نگاہ رکھی گئی ،جس سے اجودھیاجانے والے عقیدتمندوںکو کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔
اسسٹنٹ کامرشیل منیجر نے بتایاکہ ٹرینوں کی پینٹری کار میں بھی گندگی پائی گئی ، اس پر صفائی اہلکاران کو سخت کارروائی کا انتباہ دیاگیا۔ کانپور سینٹرل اسٹیشن پر آنے والی ٹرینوں کے پہنچنے میں تاخیر کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اسٹیشن پر شرم شکتی، وندے بھارت اور شتابدی جیسی ٹرینیں ایک سے پانچ گھنٹے تک تاخیر سے پہنچیں،اسی طرح گومتی ایکسپریس ، دربھنگا امرت بھارت ایکسپریس، امر پالی ایکسپریس، برہم پتر میل،ہاؤڑا دورنتو ایکسپریس، سنگم ایکسپریس، ہاؤڑا راجدھانی ایکسپریس، رانچی غریب رتھ ایکسپریس، سیالدہ راجدھانی ایکسپریس، نئی دہلی کلون اسپیشل،برونی کلون اسپیشل،فرخا ایکسپریس، چمپارن ہمسفر ایکسپریس، مرودھر ایکسپریس، کیفیات سپر فاسٹ، نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس اور گورکھ دھام سپر فاسٹ ایکسپریس سمیت ۸۲ٹرینیں تاخیر سے پہنچیں۔ اس سے مسافر اور ان کے کنبہ والے پریشان رہے ،۱۳۰۹مسافروں نے ٹکٹ واپس کرادئے۔