غزہ، 12 فروری (یو این آئی) غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح اور آس پاس کے علاقوں پر اسرائیلی فوج کے شدید حملوں میں کم از کم 52 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
الجزیرہ نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے پیر کے روز جنوبی غزہ پر ’’سلسلہ وار حملوں‘‘ کا آغاز کیا، لیکن اس نے دیگر تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
غزہ میں قائم وزارت صحت نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 28,176 ہو گئی ہے جبکہ 67,784 دیگر زخمی ہیں۔
غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے تقریباً نصف لوگ حفاظت کی تلاش میں مصر سے ملحقہ شہر رفح پہنچ گئےہیں۔