کانپوردیہات: ۔بھوگنی پور تحصیل علاقہ کے موضع سرائیں کے نزدیک گزشتہ رات ایک کار اور ڈی سی ایم میں ٹکر ہوگئی جس میں کار سوار پانچ نوجوان شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوںکو علاج کیلئے سی ایچ سی پوکھرایاں میں بھرتی کرایا۔
جہاں ڈاکٹروںکے ذریعہ دو زخمیوںکو مردہ قرار دے دیاگیا،جبکہ دیگر زخمیوںکو تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال ریفر کردیا گیا۔ایک زخمی کو کانپور لے جاتے وقت اس کی راستے میں موت ہوگئی۔وہیں دو دیگر زخمیوںکی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔
بھوگنی پور کوتوالی علاقہ کے اسلام آباد اہرولی شیخ موضع کے رہنے والے شہباز عرف راجہ ولد پپو ۳۰ برس کی بندکی میں گود بھرائی کا پروگرام تھا، جہاں سے پروگرام نمٹا کر شہبا ز عرف راجہ اپنے دوست رضوان ولد انیس (۳۰)،فیض انور ولد مشتاق احمد(۲۶) عادل ولد ساجد(۲۴)،امن ولد چندو ساکنان اسلام آباد اہرولی شیخ کے ساتھ کار سے واپس گھر لوٹ رہے تھے۔
تبھی موضع سرائیں کے نزدیک ڈی سی ایم نے کار میں زوردار ٹکر ماردی، جس میں پانچوں لوگ شدید طور سے زخمی ہوگئے، زخمیوں کو علاج کیلئے سی ایچ سی لایاگیا، جہاں ڈاکٹروں نے شہباز عرف راجہ ورضوان کو مردہ قرار دے دیااور فیض انور وعادل کو ابتدائی علاج کے بعد سنگین حالت میں ضلع اسپتال منتقل کردیاگیا،جبکہ امن کو اس کے کنبہ والے پرائیویٹ اسپتال میں علاج کیلئے لے گئے
۔ضلع اسپتال سے فیض انور کو کانپور ریفر کردیاگیا، کانپور لے جاتے وقت فیض انور کی راستے میں موت ہوگئی، واردات کی اطلاع ملتے ہی کنبہ والوں میں کہر ام مچ گیا، اطلاع پر پہنچی پولیس نے متوفی کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج کر جانچ شروع کی،حادثہ کے بعد کنبہ والوں میں چیخ پکار مچ گئی۔