لکھنؤ۔(نامہ نگار)وکاس نگر علاقہ کے باشندے دوا کمپنی کے نمائندے کی لاش آج اس کے فلیٹ سے برآمد ہوئی۔پولیس کاخیال ہے کہ نوجوان کی موت قلبی دورے کے سبب ہوئی۔ دوسری جانب قیصر باغ علاقے کے باشندہ ایک بزرگ کی مشتبہ حالات میں موت ہوگئی اس کے بھائی نے قتل کرنے کا اندیشہ ظاہر کیا۔ موصولہ خبر کے مطابق جونپور کا باشندہ انل گری (۳۸)وکاس نگر روہت ٹاور میں ایک فلیٹ میں مقیم تھا۔ انل ایک میڈیکل کمپنی میں بطور ایم آرکام کررہا تھا۔ اپارٹمنٹ میں رہنے والے لوگوں نے گذشتہ تین دنوں سے انل کو نہیں دیکھا اور اس کافلیٹ بھی بند تھا۔ اپارٹمنٹ میں رہنے والے لوگوں نے اس کی اطلاع گارڈ کو دی۔ اطلاع ملنے کے بعد وکاس نگر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی ۔پولیس نے فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندردیکھا تو کمرے کے فرش پر انل کی لاش پڑی ہوئی تھی۔ وکاس نگر پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد انل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس نے انل کی موت کی خبر اس کے اہل خانہ کو دے دی ہے۔وکاس نگر پولیس کا خیال ہے کہ انل کی موت قلبی دورے سے ہوئی ہے۔ جبکہ موت کی صحیح وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے ملنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔
اسی مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ قیصر باغ گھسیاری
منڈی کے باشندے ارشد علی (۶۰) نے ڈیڑ ماہ قبل نوشین سے شادی کی تھی۔ ارشاد پرنٹنگ پریس میں ملازمت کررہا تھا۔ بتایا جارہا ہے کہ کل وہ اپنے رشتہ دار کے گھر پر گیا ہوا تھا۔ جب وہ گھر واپس پہنچا تو اچانک اس کے پیٹ میں درد ہونے لگے گا۔ اہل خانہ نے اسے ضلع اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ارشاد کے بھائی حشمت نے قتل کرنے کا اندیشہ ظاہر کیا۔