ابوجہ، 19 فروری (یو این آئی) نائجیریا کی جنوب مشرقی ریاست ایبونی میں اس سال کے آغاز سے اب تک لاسا بخار کی وجہ سے کم از کم 10 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ صحت کے افسران نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔
ایبونی ریاستی وزارت صحت کے بیماری کی نگرانی کے افسر سیمپسن اوروگو نے کہا ’’ اس وباء نے حکومت اور متعلقہ شراکت داروں کو انتہائی متعدی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری تعاون کی کوششوں پر مجبور کر دیا ہے‘‘۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک حاملہ خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ’’4 جنوری سے 16 فروری تک کم از کم 25 افراد متاثر ہوئے، جن میں دو ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔‘‘
ریاست کی چیف ایپیڈیمولوجسٹ اوگبونا نوامبیکے نے خطرے کے عوامل کی نگرانی بڑھانے کےلئے رسد کے التزام کی اپیل کی اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جھاڑیوں کو جلانے اور چوہوں کو کھانے یا کسی متاثرہ شخص کے چھونے والی کسی بھی سطح کو نہ چھونے کی صلاح دی ۔
واضح رہے کہ لاسا بخار ایک بیماری ہے جو چوہوں کے پیشاب یا پاخانے سے آلودہ کھانے یا گھریلو اشیاء کے ذریعے انسانوں میں پھیلتی ہے۔ یہ مبینہ طور پر اس وقت پھیلتی ہے جب چوہوں کا تھوک، پیشاب اور پاخانہ انسانوں کے رابطے میں آتے ہیں۔
نائجیریا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق، 2023 میں لاسا بخار کے 1,227 تصدیق شدہ کیسوں میں سے کم از کم 219 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔