امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی طیارے اور جنگی جہاز نے بحیرہ احمر میں حوثیوں کے 5 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرونز یمن میں حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں سے تھے۔
بیان کے مطابق ڈرونز تجارتی جہازوں کے ساتھ ساتھ خطے میں امریکی بحری جہازوں کے لیے خطرہ تھے۔ یاد رہے کہ اسرائیل حماس جنگ میں حوثی باغیوں نے فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کا جواز بنا کر بحیرہ احمر اور آس پاس کے پانیوں میں سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر حملے شروع کر دیے تھے۔ جس کی وجہ سے بین الاقوامی تجارت کے خطرات کھڑے ہو گئے اور بہت سی جہاز راں کمپنیوں نے اپنا راستہ تبدیل کر لیا جس کی وجہ سے اخراجات اور سفر کے دورانیے میں بھی اضافہ ہو گیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حوثیوں کو تجارتی جہازوں پر حملوں سے باز رہنے کا انتباہ جاری کیا لیکن حملے نہ رکنے کے بعد امریکا اور برطانیہ کی فورسز نے یمن میں ان فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے حوثی میزائل اور ڈرونز سے حملے کرتے تھے۔