ابوظبی: ماہ رمضان کی آمد آمد ہے، جس میں ایک جانب لوگ عبادات کے ذریعے روحانی طور پر مستفید ہوتے ہیں تو وہیں ایک دوسرے کی مدد اور خدمت کا جذبہ بھی پروان چڑھتا ہے۔
دنیا بھر خصوصاً عرب ممالک میں رمضان المبارک کے دوران عطیات اور خصوصی خدمات پیش کی جاتی ہیں، جن میں سحر و افطار کے انتظامات کے علاوہ کاروباری مراکز پر خصوصی رعایتی پیکیجز اور اشیا کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کرکے مستحقین اور مسلم برادری کے ساتھ تعاون کرکے رب کو راضی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
چند روز کے بعد شروع ہونے والے ماہ رمضان کی مناسبت سے متحدہ عرب امارات میں ہزاروں اشیا پر غیر معمولی رعایتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر ہونے والی اس طرح کی رعایتوں اور سہولیات سے صارفین بہت بڑی تعداد میں مستفید ہوتے ہیں۔
ماہ مقدس ہی کی مناسبت سے متحدہ عرب امارات میں سرکاری سطح پر خبردار کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران پیشگی اجازت لیے بغیر خاص طور پر 9 بنیادی ضرورت کی اشیا کے نرخوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔ ان اشیا میں کوکنگ آئل، دودھ، چاول، انڈے، چینی، چکن، پھلیاں، گندم اور روٹی شامل ہیں، جن کی ماہ رمضان کے دوران قیمت بڑھانے پر سرکاری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دریں اثنا امارات کی تمام ریاستوں میں رمضان المبارک کے دوران نجی سطح پر بھی کئی پیکیجز کا اعلان کیا گیا ہے، جن سے صارفین کو بڑی سہولیات اور رعایات دستیاب ہوں گی۔میڈیا ذرائع کے مطابق نجی کمپنیوں کی جانب سے ماہ رمضان میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی 4 ہزار اشیا پر تقریباً 25 سے 75 فی صد تک رعایت فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں یو اے ای میں کام کرنے والے آن لائن اسٹورز نے بھی بنیادی ضرورت کی اشیا پر 40 فی صد تک رعایت کا اعلان کیا ہے جب کہ پھل اور سبزی جیسی روز مرہ کی اشیا پر 70 فی صد تک ڈسکاؤنٹ دی گئی ہے۔