لندن ۔عام طور پر سبزی خور اپنی خوراک کی افادیت کیحوالے سے مطمئین رہتے ہیں لیکن ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبزی خور گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں کمتر صحت کے حامل ہوتے ہیں جبکہ ان کا معیار ِزندگی بھی گوشت خوروں سے پست ہوتا ہے۔ ‘میڈیکل یونیورسٹی آف گراز’ آسٹریا کی ایک تجزیائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ سبزی کھانے والوں کا باڈی ماس انڈیکس( بی ایم آئی) گوشت کھانے والوں کی نسبت کم ہوتا ہے۔
اور ان میں سگریٹ نوشی یا الکوحل کی لت بھی کم نظر آتی ہے۔ دوسری طرف سبزی خور جسمانی صحت کے اعتبار سے بھی فٹ ہوتے ہیں اس کے باوجود گوشت کھانے والوں کی نسبت کم صحت مند ہوتے ہیں۔ سبزی پر مشتمل غذا کھانے والوں کی خوراک میں زیادہ مقدار میں سب
زی، اناج اور پھل شامل ہوتے ہیں لیکن سیٹیریٹیڈ سچوریٹیڈ چربی اور کولیسٹرول کی کھپت کم ہوتی ہے جس سے ان میں الرجیز اور کینسر کا خطرہ زیادہ پایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ڈپریشن اور ذہنی صحت کے مسائل بھی دیکھے جاتے ہیں۔ ‘پلوس ون’ میں شائع ہونے والی تحقیق میں تجزیہ کاروں نے آسٹرین صحت عامہ کے ایک انٹرویو کے اعداد و شمار کا استعمال کیا ہے اور لوگوں کی غذائی عادات اور ان کی طرز زندگی کے درمیان فرق کا تجزیہ کیا۔ تحقیق کے لیے کل ۱۳۲۰ ایسے شرکاء کے اعداد و شمار کا استعمال کیا گیا جن کی عمر، جنس اور سماجی و اقتصادی حیثیت میں مماثلت موجود تھی۔ ان میں ۳۳۰ سبزی خور، ۳۳۰ گوشت اور سبزی خور اور ۳۳۰ متوازن کھانا کھانے والے جس میں گوشت کی مقدار کم تھی جبکہ،۳۳۰ افراد ایسے تھے جو زیادہ مقدار میں گوشت کھاتے تھے۔ نتائج کے مطابق سب سے نمایاں اختلاف گوشت خوروں اور سبزی کھانے والوں کی طرز زندگی اور کھانے پینے کی عادتوں میں نظر آیا۔ جن شرکاء کی خوراک میں گوشت شامل نہیں تھا ان کی جسمانی اور ذہنی صحت اچھی نہیں تھی اور انہیں زیادہ طبی امداد کی ضرورت رہتی تھی۔ تاہم وہ شرکاء جو کم گوشت کھاتے تھے ان کی صحت بھی قابل ِقدر نہیں تھی۔ دریں اثناء ان میں دوائیوں، ویکسین اور ڈاکٹر سے معائنہ کرانے کی عادات کا فقدان موجود تھا۔
محقیقین نے کہا کہ تحقیق کے نتیجے سے معلوم ہوا کہ ایسے بالغ افراد جو سبزیوں کی ڈائیٹ کا استعمال کرتے تھے انھیں کینسر، الرجیز اور ذہنی مسائل کے لحاظ سے کم صحت مند قرار دیا گیا دوسری جانب ان کا معیار زندگی بھی پست تھا اور گوشت خوروں کے مقابلے میں انھیں علاج و معالجے کی زیادہ ضرورت پڑی۔ نتائج کا دفاع کرتے ہوئے معاون محقیق نیتھالی برکرٹ نے کہا کہ تحقیق سے ہمیں پتا چلا کہ سبزی کھانے والے گوشت خوروں کے مقابلے میں دمہ، کینسر اور ذہنی امراض کے مسائل سے زیادہ دوچار تھے۔ اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟ اس سوال کا جواب دینے کے لیے مزید تحقیقی جائزوں کی ضرورت ہے۔