لکھنؤ: حسین گنج واقع ڈائمنڈ پلازا اپارٹمنٹ میں رہنے والے ایک تاجر سنیل کمار جیٹلی نے جمعہ کی شام خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ گولی کی آواز سن کر کمرے میں پہنچے کنبے نے تاجر کو خون سے لت پتھ پڑا دیکھ کر اطلاع پولیس کو دی۔
موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج کر آگے کی کارروائی شروع کر دی۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ بیماری و تجارت میں نقصان ہونے کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں رہتے تھے۔ حالانکہ پولیس نے تاجر کی لائسنسی پستول کو قبضے میں لےکر فورنسک ثبوت جمع کرنا شروع کر دئے ہیں۔
حسین گنج کےپرانا قلعہ واقع ڈائمنڈ پلازا اپارٹمنٹ کی پہلی منزل پر فلیٹ نمبر 102 میں 65سالہ تاجر سنیل کمار جیٹلی بیوی لیلی جیٹلی ، بیٹی پرینکا اور داماد انش مشرا کے ساتھ رہتے تھے۔ سنیل عالم باغ واقع آنند نگر میں جیٹلی بک ڈپو نام سے دکان چلاتے تھے۔
کنبہ کے افراد کے مطابق جمعہ کی شام کو سنیل اپنے کمرے میں تھے وہیں گھر کے دیگر لو گ اپنے کام میں مصروف تھےکہ اسی درمیان گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔ بھاگ کر بیوی وبیٹی سنیل کے کمرے میں پہنچیں تو دیکھا کہ وہ خون سے لت پتھ فرش پر پڑے ہیں ساتھ میں ان کی لائسنسی پستول بھی پڑی تھی جس سے انہوں نے خود کے سر میں سٹا کر گولی ماری تھی۔
آناً فاناً میں کنبہ انہیں سول اسپتال لے کر پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس کے بعد واردات کی خبر پولیس کو ہوئی تو وہ موقع واردات پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
کنبے کے مطابق سنیل کافی وقت سے ڈپریشن میں تھے۔جس کا علاج جاری تھا۔ کچھ دن قبل زبان میں السر ہو گیا تھاجس کا انہوں نے آپریشن کرایا تھا ڈاکٹر نے انہیں بولنے سے منع کیا تھا۔
انسپکٹر حسین گنج رام پرکاش گپتا نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ میں کنبے نے بھی بیماری کی وجہ سے خودکشی کا شک ظاہر کیا ہے۔ سنیل کی لائسنسی پستول کو پولیس نے قبضے میں لے کر فورنسک جانچ کیلئے بھیجا ہے۔