نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کی طرف سے غریب خاندانوں کی خواتین کو ہر سال ایک لاکھ روپے دینے کے اعلان کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مہالکشمی یوجنا میں ملک کی خواتین کا تحفظ عزت اور خوشحالی کی گارنٹی یقینی کی گئی ہے۔
راہل گاندھی نے آج ایکس پر پوسٹ کیا ’’مہالکشمی صرف ایک اسکیم نہیں ہے بلکہ آدھی آبادی کی بہتر صحت، سلامتی، وقار اور خوشحالی کی گارنٹی ہے۔ ملک کی ہر غریب خاتون کو ’مہالکشمی یوجنا‘ کو بہت غور سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’کانگریس نے ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کو مہالکشمی مان کر اور اس کے کھاتے میں ہر سال ایک لاکھ روپے جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خواتین ’گھر کا بینک‘ ہوتی ہیں جن کے پاس جانے والا ایک ایک روپیہ خاندان کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور مضبوط خاندان ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا، ’’کسی خاتون کو اب کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے یا نظریں جھکانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ گھر کی عورت پڑھائی، کمائی اور دوائی کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا سکے گی۔ خواتین کے ہاتھ میں ایک لاکھ کا مطلب خاندان کو درپیش کسی بھی ناگہانی آفت کے خلاف انشورنس بھی ہے۔‘‘
انہوں نے غریب گھروں کی خواتین کو ذہن میں رکھتے ہوئے بنائی گئی اس اسکیم کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا، ’’یہ اسکیم بڑی تعداد میں چھوٹے سرمایہ کاری کے کاروبار شروع کرنے میں مدد دے گی اور ہر گاؤں میں خواتین کو کاروباری بھی بنائے گی۔
کانگریس ملک کے روشن مستقبل کے لیے خواتین کی امنگوں میں سرمایہ کاری پر یقین رکھتی ہے۔ جدوجہد کے دن ختم ہو گئے، اب خوشی آپ کی منتظر ہے۔”