طرابلس: لیبیا میں ساحل کے قریب سمندر میں کئی دن سے بھوکے پیاسے 60 مہاجرین ہلاک ہو گئے جب کہ کچھ کی جان بچا لی گئی۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لیبی ساحل کے قریب مہاجرین کی ایک کشتی خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد کئی دن تک وہ کھلے سمندر میں بے یار و مددگار ربڑ کی کشتی میں سوار رہے ، جن میں سے 60 شدید بھوک پیاس کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکے۔
اوشین وائکنگ نامی امدادی ٹیم نے ساحل کے کھلے سمندر میں پھنسی کشتی کو دیکھا، جس پر انہوں نے اطالوی ساحلی محافظوں کی مدد طلب کی اور امدادی کارروائی کے نتیجے میں سمندر میں پھنسے 25 مہاجرین کوبچانے میں کامیاب ہو گئے جب کہ 60 تارکین وطن بھوک پیاس سے ہلاک ہو چکے تھے۔
شدید بھوک پیاس کے سبب موت کے قریب پہنچنے والے 25 تارکین وطن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال متنقل کردیا گیا ہے، جہاں ان میں سے زیادہ تر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امدادی کارروائی کے بعد زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ کشتی میں کھانے پینے کا سامان ختم ہونے کی وجہ سے 60 افراد ہلاک ہوئے۔