ریاض: سعودی حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق عازمین رمضان المبارک کے دوران صرف ایک مرتبہ عمرہ کر سکیں گے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے عازمین کے لیے صرف ایک ہی بار عمرہ کرنے کی پالیسی جاری کردی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے عازمین کی بہت بڑی تعداد رمضان المبارک میں عمرہ کے لیے سعودی عرب آتی ہے جس کی وجہ سے حرم مکی و حرم مدنی دونوں جگہ پر زائرین کی تعداد غیر معمولی ہوتی ہے جب کہ مقامی شہری اور سعودی عرب میں مقیم افراد کی تعداد اس سے الگ ہوتی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عازمین کے رش کو دیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کے تحت کہا گیا ہے کہ ماہ صیام کے دوران کسی بھی عازم کو ایک سے زیادہ عمرہ کا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا، لہٰذا رمضان میں ایک عازم کو ایک ہی عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
مقامی میڈیا کے مطابق وزارت نے اس حکم نامے کی وضاحت میں بتایا ہے کہ اس پابندی کا مقصد لوگوں کی بھیڑ کو کم کرنا اور زیادہ تر افراد کو اس ماہِ مقدس میں عمرہ کرنے کا موقع دینا ہے۔