اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر امریکا سے کہا ہے کہ حماس کو شکست دینے تک غزہ میں جنگ جاری رہے گی، دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران بمباری کے نتیجے میں 100 سے زائد فلسطینی شہری شہید ہوگئے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بینجمن نیتن یاہو نے امریکی ریپبلکن سینیٹرز سے کہا کہ اسرائیل حماس کو شکست دینے کے لیے جنگ جاری رکھے گا۔
غزہ شہر کے الشفاء ہسپتال پر اسرائیلی جارحیت و وحشیانہ چھاپہ ماری آج چوتھے روز میں داخل ہو چکی ہے جس میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب رات گئے اسرائیلی فورسز نے نور شمس پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا، وفا نیوز ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں نور شمس پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی نے خبردار کیا ہے کہ بھوک اور بیماری غزہ میں موت کی سب سے بڑی وجہ بننے کے دہانے پر ہے۔
واضع رہے کہ
7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 923 فلسطینی شہید اور 74 ہزار 96 زخمی ہو چکے ہیں، حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے۔