نئی دہلی، 22 مارچ، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے جمعہ کو کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال ایک شخص نہیں بلکہ ایک سوچ ہیں اور ایک سوچ کو کیسے گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
مسٹر بھگونت مان نے آج ایکس پر کہا ’’آپ اروند کیجریوال کو گرفتار کر لیں گے لیکن لوگوں کی سوچ کو کیسے قید کریں گے۔ اروند کیجریوال ایک شخص نہیں بلکہ ایک سوچ ہیں اور ہم اپنے لیڈر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ انقلاب زندہ باد۔
دہلی کے ماحولیات کے وزیر گوپال رائے نے کہا ’’ہم سب کے لیڈر اور ملک کو ایماندار سیاست دینے والے ایماندار سیاستدان اروند کیجریوال کی غیر اخلاقی گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی بی جے پی کے خلاف ملک بھر میں زبردست احتجاج کرے گی۔
آج صبح 10 بجے دہلی میں بی جے پی کے ہیڈکوارٹر کا محاصرہ کیا جائے گا۔ جمہوری اقدار پر یقین رکھنے والے مادر ہند کے سبھی سچے سپوتوں سے درخواست ہے کہ وہ اس احتجاج کا حصہ ضرور بنیں۔
کابینی وزیر آتشی نے کہا ’’ملک میں پہلی بار کسی وزیر اعلیٰ کو عہدہ پر فائز ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ اروند کیجریوال کے پاس زیڈ زمرے کی سیکورٹی ہوتی ہے۔ اب وہ مرکزی حکومت کی ای ڈی کی تحویل میں ہیں۔ ہمیں ان کی حفاظت اور سلامتی کی فکر ہے۔
واضح رہے کہ ای ڈی نے مسٹر کیجریوال کو بدھ کی رات مبینہ شراب گھوٹالہ میں گرفتار کیا ہے۔