لکھنؤ۔ (نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر وکابینی وزرمحمد اعظم خان کے ذریعہ کارگل جنگ سے متعلق بیا ن پرکانگریس نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے ترجمان ویریندر مدان نے سماجوادی پارٹی لیڈر کے ذریعے ہندوستانی فوج کی مبینہ فرقہ واریت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارگل کی جنگ میں قوم پرست ہندوستانی فوج نے عظیم قربانیاں دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اسے فرقہ پرستی کی نظر سے دیکھنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔مسٹر مدان نے کہا کہ ملک کے عوام سمجھدار ہیں اور وہ اعظم خاں کے ذریعے دیئے گئے بیان کے بہکاوے میں آنے والے نہیں وہ جانتے ہیں ملک کی فوج مذہب اور فرقہ واریت سے بلند ہوکر اپنی قربانی دے کر ملک کی حفاظت کرتی ہے۔ فوج کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا اعظم خاں کی کم ذہنیت کا ثبوت ہے۔ مسٹر مدان نے کہا کہ اعظم خاں کو ہمیشہ اخبارات وچینل کی سرخیوں میں بنے رہنے کی عادت ہے۔ مسٹر مدان نے الیکشن کمیشن سے کارگل جنگ سے متعلق بیان کے سلسلے میں اعظم خاں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔