لکھنؤ : ۔بجنور علاقہ میں دو دن پہلے بیوی کا بیلٹ سے پیٹ پیٹ کر قتل کرنے والے کو پولیس نے بدھ کی صبح علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ وہ اپنے بچوں سے ملنے کےلئے گھر آنے کی فراق میں تھا۔ فی الحال پولیس نے اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔
بتادیں کہ بجنور کے چندراول واقع سعدا للہ کھیڑا باشندہ مزدور سریش کمار گوتم نے دوشنبہ کی رات شراب کے نشہ میں بدمست ہوکر اپنی 35 سالہ بیوی چندراوتی کا کمرے کے اندر بیلٹ سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا تھا۔ وہ بیوی سے شراب کےلئے روپئے مانگ رہا تھا جس پر چندراوتی نے پیسے دینے سے انکار کردیا تھا۔
اسی کے سبب ملزم سریش نے اندر سے کمرہ بند کرکے اس کی جم کر پٹائی کردی بعد میں اسے نیم مردہ حالت میں چھوڑکر فرار ہوگیا۔ بتایا جارہا تھا کہ اگلے دن صبح چندراوتی کی موت ہوگئی تھی۔ اس کےبعد اطلاع پر پہنچے چندراوتی کے بھائی بجنور واقع کٹرا محلہ باشندہ پون نے اپنے بہنوئی سریش کے خلاف قتل کی دفعات میں رپورٹ درج کرائی تھی۔
بجنور تھانہ انچارج اروند کماررانا نے بتایاکہ قتل کی دفعات میں رپورٹ درج کرکے ملزم سریش کو پکڑنے کےلئے تین ٹیمیں تشکیل کی گئی تھیں۔ بدھ کی صبح گاؤں والوں سے پتہ چلاکہ سریش علاقے کے ہی پرونی گاؤں کے پاس کھڑا ہے۔
یہ اطلاع پاکر پولیس نے گھیرابندی کرکے اسے وہیں گرفتار کرلیا بعد میں جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو سریش نے بتایاکہ وہ اپنے بچوں سے ملنے گھر آنے کی فراق میں تھا ۔ چندراوتی کے چار بچے شیوا، ششانک، آیوش اور کویتا ہیں۔