لکھنؤ: غازی پور کے سنجے گاندھی پورم میں منگل کی دوپہر سکریٹریٹ سے سبکدوش افسر نے ہاتھ کی نس کاٹ کر خودکشی کرلی۔ ان کی لاش باتھ روم میں خون سے لت پت پڑی ملی۔ بیٹی پریتی نے لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کےلئے بھیج دیا۔ پولیس نے بتایاکہ سنجے گاندھی پورم باشندہ پیوش کے مطابق سبکدوش افسر جگدیش پرساد 76 کافی دنوں سے بیمار تھے۔
جگدیش پرساد 2008 میں سبکدوش ہوئے تھے۔ ان کو چلنے پھرنے میں بھی دقت ہوتی تھی اسی لئے واکر کا استعمال کرتے تھے۔ منگل کی دوپہر بیٹی پریتی کو جگدیش کمرے میں نظر نہیں آئے۔
وہ والد کو تلاش کرتے ہوئے باتھ روم میں پہنچی تو جگدیش خون سے لت پت پڑے ملے ان کےہاتھ کی نس کٹی ہوئی تھی اور خون بہہ رہا تھا۔ بھائی پیوش کی مدد سے پریتی والد کو علاج کے لئے رام منوہر لوہیا اسپتال لے کر گئی تھی جہاں ڈاکٹروں نے جگدیش کو مردہ قرار دے دیا۔
پیوش نے بتایاکہ کچھ دن پہلے بھی پاپا نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ وہ پیٹ کی بیماری سے پریشان تھے اس وقت کنبے کے افراد نے جگدیش کو کسی طرح سے روک لیا تھا۔
پیوش نے بتایاکہ پاپا کے ساتھ ماں چندر پربھا ہر وقت رہتی تھیں لیکن کچھ دن پہلے ضروری کام سے انہیں آبائی گاؤں جانا پڑا تھا۔