لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔نیا بجلی کنکشن ہونے کےبعد اگر دو مہینہ بل نہیں آتا ہے تو صارفین معاوضہ کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ قانون کے مطابق دو بلنگ سائیکل تک اگر بل جنریٹ نہیں کیاجاتا تو صارفین بجلی تقسیم قانون کے ایکٹ سے صارفین کو 500 روپئے فی ماہ معاوضہ دیاجانا چاہئے۔ حالانکہ اس کے لئے پہل صارفین کو ہی کرنی ہوگی۔
واضح ہوکہ گزشتہ دنوں لکھنؤ میںا یک معاملہ سامنے آیا تھا جس میں 46 کلو واٹ کا صنعتی بجلی کنکشن دینے کےبعد محکمہ اسے بل دینا ہی بھول گیا تھا۔ بل نہ دینے کا سلسلہ ایک دو ماہ نہیں بلکہ ایک سال تک جاری رہا۔ جب معاملہ روشنی میں آیا تو افسران نے کئی انجینئروں کو بدعنوانی میں سزا سنادی۔ معاملے میں ریاستی بجلی صارفین کونسل کے صدر اودھیش کمار ورما نے صارفین کوبتایاکہ ریاست میں معاوضہ قانون نافذ ہے۔ ہر بجلی سہولت کے نہ ملنے پر معاوضہ طے کیا گیا ہے۔
اس کے تحت کنکشن کےبعد بجلی بل نہ ملنے پر صارفین معاوضہ کا مطالبہ کرسکتےہیں۔ کارپوریشن کے صدر نے کہاکہ بجلی تقسیم ایکٹ 2005 کی دفعہ 2.7.7ڈی میں یہ آئین ہے کہ اگر کسی بھی بجلی صارف کو بجلی کنکشن دینے کی تاریخ سے دو بلنگ کے تحت پہلا بل نہیں دیا جاتا تو بلنگ کے ہر ایک بل چکر کےلئے صارفین کو 500 روپئے کا معاوضہ دینا پڑے گا۔ ایسے معاملوں کی سہ ماہی رپورٹ بھی بجلی کمپنیوںکو کارپوریشن کو سونپنی ہوگی۔