برطانوی میڈیا کے مطابق لندن میں قائم ایک ایرانی نیوز چینل نے کہا ہے کہ 36 سالہ ہوسٹ (میزبان) پوریا زیراتی کو گھر کے باہر ایک گروپ نے نشانہ بنایا اور ان پر ایک سے زیادہ چاقو کے وار کیے گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پوریا زیراتی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق اس کیس میں فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے ماہر افسران اس چاقو حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔میٹروپولیٹن پولیس کے انسداد دہشت گردی کمانڈ یونٹ کے سربراہ کمانڈر ڈومینک مرفی نے کہا ہے کہ افسران اس حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جنوبی لندن جہاں حملہ ہوا اس علاقے اور آس پاس کے دیگر مقامات پر اضافی گشت کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔