الہ آباد، 10 اپریل (یو این آئی) الہ آباد ہائی کورٹ نے بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور یو پی میں پارٹی امور کے انچارج امت شاہ کی اشتعال انگیز تقریر کرنے کے معاملے میں ان کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے اور گرفتاری پر روک لگانے کے لئے دی گئی عرضی واپس لینے کی درخواست آج منظور کرلی۔مسٹر شاہ نے اپنے خلاف درج کرائی گئی ایف آئی آر واپس لینے اور اپنی گرفتاری پر روک لگانے کے لئے ہائی کورٹ میں کل ایک عرضی دائر کی تھی لیکن آج حیرت انگیز پیش رفت میں اس عرضی کو واپس لینے کے لئے عدالت کو درخواست دی جو منظور ہوگئی۔ آج کے اس واقعہ کے پیچھے سیاسی فائدہ اٹھانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔مسٹر شاہ کے خلاف یوپی کے شاملی اور بجنور اضلاع میں گزشتہ دنوں اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں دو معاملات درج کئے گئے تھے۔ مسٹر شاہ کی تقریر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف معاملات درج ہوئے تھے۔