غاصب صیہونی حکومت نے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے کنارے کے واقع ایران کے قونصلرشعبے کی عمارت کو حملے کا نشانہ بنایا جس میں ایران کی سپاہ پاسداران کے دو کمانڈروں سمیت سات افراد شہید ہوگئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ مقبوضہ جولان کی طرف سے شہر دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر شعبے کی عمارت پر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس حملے میں دمشق میں ایران کے قونصلر شعبے کی عمارت پوری طرح تباہ ہوگئی ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ رابطہ عامہ نے اپنے بیان میں دمشق میں ایران کے قونصلر سیکشن پر صیہونی حکومت کے دہشتگرانہ میزائلی حملے میں جنرل محمد رضا زاہدی، جنرل محمد ہادی حاج رحیمی اور ان کے پانچ ساتھیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔
اسی سلسلے میں شام کے وزیرخارجہ فیصل المقداد پیر کی رات کو ہی دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے پہنچے اور ایران کے قونصلر سیکشن پر صیہونی حکومت کی فوج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت، شام اور اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات میں ہرگز کوئي خلل نہيں ڈال سکتی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسین اکبری نے بھی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت نے قونصلرسیکشن کی عمارت پر چھے میزائل فائر کئے اور اس وقت میں اپنے دفتر میں موجود تھا۔