نئی دہلی، 02 اپریل (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہونے والے اڈیشہ اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے 112 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے آج یہاں ریاستی اسمبلی کی کل 147 سیٹوں میں سے 112 سیٹوں کے لیے پارٹی کے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ بی جے پی نے 2019 کے اسمبلی انتخابات میں 23 سیٹیں جیتی تھیں، جن میں سے 20 سیٹیں اس فہرست میں شامل ہیں۔
پارٹی نے تین سیٹوں پر نئے چہرے اتارے ہیں۔ سال 2020 میں بالاسور سے منتخب ہونے والے مدن موہن دتہ کی موت کے بعد بیجو جنتا دل نے یہاں سے ضمنی انتخاب جیتا تھا۔ اس بار بی جے پی نے آنجہانی دتہ کے بیٹے مانس کمار دتہ کو دوبارہ ٹکٹ دیا ہے۔
اسی طرح دھام نگر ( ریزرو ) سے مسٹر وشنوچرن سیٹھی کی جگہ مسٹر سوریا بنشی سورج کو امیدوار بنایا گیا ہے ، محترمہ اپاسنا مہاپاترا کو برہماگیری سے للیتیندو ودیادھر مہاپاترا کی جگہ اور آدتیہ مادھی کو نرسنگھ مڈکامی کی جگہ ملکانگیری ( ریزرو ) سےامیدوار بنایا گیا ہے۔
بی جے پی نے اپنی تین سیٹوں رائرنگ پور، نیل گیری اور بنگریپوسی کے لیے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے، جب کہ 17 سیٹوں پر صرف پرانے ناموں کو دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں آٹھ خواتین ہیں۔ بی جے پی نے ابھی 35 سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا فیصلہ کرنا ہے۔