وارسا: پولینڈ نے اسرائیل سے امدادی قافلے پر حملے کے معاملے پر معافی مانگنے اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق پولش وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں عالمی غذائی تنظیم کے قافلے پر حملے میں پولینڈ کے امدادی کارکن کی ہلاکت پر نہ صرف معافی مانگے بلکہ ہرجانہ بھی ادا کرے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ اسرائیل معاملے سے متعلق حالات کی فوری طور پر وضاحت پیش کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ امدادی قافلے پر حملے کی وجہ سے غم و غصے کی فضا پیدا ہوئی ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو کشیدہ کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اسرائیل پولینڈ کے شہری ڈیمیان سوبول کو حملے میں ہلاک کرنے پر معافی مانگنے کے ساتھ واقعے کی معلومات فراہم کرتے ہوئے ہرجانہ ادا کرے۔
پولش وزیراعظم نے کہا کہ حماس کی کارروائی کے بعد پولینڈ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت اور اس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا لیکن اس طرح کی کارروائیوں اور حملوں کے بعد سے یہ تعلق اب مشکل اور آزمائش میں داخل ہو رہا ہے۔