فرخ آباد، 10 اپریل (یو این آئی) وزیر خارجہ اور کانگریس کے ترجمان سلمان خورشید نے آج کہا کہ نریندر مودی وزیر اعظم کی کرسی صرف خوابوں میں دیکھیں۔ حقیقت میں وہ جہاں ہیں وہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد سب سامنے آجائے گا۔ نریندر مودی اقتدار میں نہیں آرہے ہیں۔ ایسے میں ان کے بارے میں سوچنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ مسٹر خورشید نے کل یہاں کامپل قصبہ میں منعقدہ ایک انتخابی جلسہ میں بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پر بدعنوانی کا الزام عائد کرنے والے لوگ جادو کی چھڑی چلائیں گے اور اس ملک سے بدعنوانی کا جڑ سے خاتمہ ہوجائے گا۔ مسٹر اروند کیجریوال کو طمانچہ رسید کرنے کے واقعہ پر مسٹر خورشید نے کہاکہ سیاست میں تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے اور ان کے ساتھ یکے بعد دیگرے تشدد کے واقعات لگاتار پیش آنا اچھی بات نہیں ۔ ایسے واقعات کی مذمت ہونی چاہئے جو ہرگز قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی سمادھی پر کیجریوال کے جانے کا مطلب یہ رہا ہوگا کہ وہ تشدد کی مخالفت کرنے اور عدم تشدد کے پیغام پر زور دینا چاہتے ہوں۔