اکیاسی فیصد صیہونی آبادکار حزب اللہ لبنان کے حملوں سے خائف ہو کر شمالی مقبوضہ فلسطین میں واپس لوٹنے پر تیار نہیں ہیں۔ المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی میڈیا ذرائع کے جائزوں میں بتایا گيا ہے کہ اکیاسی فیصد سے زائد صیہونی آبادکار حزب اللہ لبنان کے حملوں سے خائف ہو کر شمالی مقبوضہ فلسطین سے جا چکے ہیں۔
ان ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اللہ جب تک دریائے لیتانی کے اس پار تک پیچھے نہیں ہٹتی ہے یہ صیہونی شمالی مقبوضہ فلسطین میں واپس لوٹنے پر تیار نہیں ہیں۔ جنگ غزہ شروع ہونے کے بعد حزب اللہ لبنان نے صیہونی فوجی ٹھکانوں پر مسلسل حملے کئے ہیں جس کی بنا پر ہزاروں کی تعداد میں غاصب صیہونی شمالی مقبوضہ فلسطین سے جا چکے ہیں۔
رائیٹر نیوز ایجنسی نے بھی مقبوضہ فلسطین کے بارے میں ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ سال اکتوبر سے اب تک شمالی مقبوضہ فلسطین سے تقریبا ساٹھ ہزار صیہونی، حزب اللہ لبنان کے حملوں سے خائف ہو کر جا چکے ہیں جبکہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو میں بھی حزب اللہ کا مقابلہ کرنے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔