لکھنؤ: حسین آباد اینڈ ایلائڈ ٹرسٹ کی تحسین گنج واقع جامع مسجد میں رمضان المبارک کی خاص عبادت سہ روزہ اعتکاف اختتام پذیر ہوا۔ اعتکاف میں بڑی تعداد میں روزہ داروں نے شرکت کر کے دنیا سے الگ ہو کر خود کو عبادت الٰہی میں مصروف کر لیا۔
ماہ رمضان المبارک کی آخری تاریخوں میں ہوئے اعتکاف میں شہر کے مختلف روزہ داروں نے شرکت کی۔ اعتکاف کے دوران مولانا محمد ابراہیم قمی، مولانا جاوید عباس موسوی، مولانا وصی عابدی نے اعتکاف کی اہمیت اور فضیلت بیان کی۔
مسجد میں صبح کی نماز کے بعد واصف رضا نقوی نے نماز میں شامل ہونے والے نمازیوں کے ساتھ ہی اعتکاف کرنے والوں کو قرآن مجید کی تعلیم کے ساتھ ہی اس کی معلومات فراہم کی۔ وہیں مولانا محمد ابراہیم نے مجالس کو خطاب کیا جس میں عبادت الٰہی کی عظمت بیان کی گئی۔ اعتکاف کے اختتام پر اعتکاف میں شامل لوگوں کو ہار پہنا کر و یادگاری نشان دے کر سرفراز کیا گیا۔
اعتکاف کے دوران مختلف علما نے بھی اعتکاف اور رمضان المبارک کی اہمیت ، رمضان میں عبادت کی اہمیت بیان کی۔ اعتکاف میں خصوصی طور سے وقار حیدر، یاور کاظمی، احمد رضا رضوی، رئیس مرزا، شان علی شنے، علی حسنین عابدی فیضی، رضوان مصطفیٰ، طاہر زیدی، یاسر حیدر، رومی قاسم، سجاد رضا رضوی، قاسم رضوی، عباس حیدر رضوی، احتشام اور مظہر سمیت دیگر لوگ شامل تھے۔ واضح ہو کہ جامع مسجد تحسین گنج میں سال 1999 میں مسجد کے سابق پیش امام مرحوم مولانا علی قاسم رضوی اورسابق ڈپٹی ایس پی رضوان حیدر کی کوششوں سے اعتکاف کا سلسلہ شروع ہواتھا جومسلسل جاری ہے۔