لکھنؤاترپردیش آنگن باڑی کرمچاری مہاسنگھ کے زیر اہتمام آج ہزارں کی تعداد میں آئیں ملازمات اندرا بھون کے سامنے اپنے مطالبات کی حمایت میں زبردست مظاہرہ کیا۔سنگ کے ریاستی کنوینر ستیش کمار پانڈے اور ریاستی صدر رادھارانی پانڈے نے بتایاکہ آنگن باڑی کی ان ملازمائوں اوران کا تعاون کرنے والی خواتین کو دوسری ریاستوں کے برابر تنخواہ دی جائے اس کے ساتھ ہی سپروائزر کے عہدہ پر ترقی کیلئے زیر غور فہرست کو فوری طورسے جاری کیاجائے۔ان دونوں رہنمائوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمائوں کی موت کے بعد ان کے وارثین کو ملازمت دی جائے۔ضلع سطح پرہورہی رقم وصولی اور استحصال کے خاتمہ کیلئے ہر مہینہ ایک مکالمہ کا اہتمام کیاجائے تاکہ براہ راست یہ ملازمات اپنی پریشانیاں سامنے رکھ سکیں۔انہوں نے بتایاکہ نومطالبات کی حمایت میں ایک طویل عرصہ سے جدوجہد جاری ہے اس کے باوجود حکومت توجہ نہیں دے رہی ہے۔ڈائریکٹر برائے تغذیہ بخش غذا آنند کمار سنگھ نے سنگ کے عہدیداران کو گفتگو کیلئے بلایا۔انہوں نے ڈائریکٹوریٹ سطح کے تمام مسائل حل کرنے اور تنخواہ میں اضافہ سے متعلق تجویز کو حکومت کو بھیجنے کی یقین دہانی کرائی۔ہری ساڑی میں ملبوس ملازمات اپنے مطالبات کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگارہی تھی ملازمات کے مظاہرہ کی وجہ سے اشوک مارگ سے نشاط گنج پل تک راستہ کافی دیرتک بند رہا۔