کانپور: ضلع کی دوپارلیمانی نشستوں کیلئے نامزدگی کا عمل کل سے شروع ہوجائے گا۔اس سلسلہ میں آج ضلع الیکٹورل افسر وڈی ایم راکیش کمار سنگھ کی صدارت میں سرسیا گھاٹ واقع نئے جلسہ گاہ میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک جلسہ منعقد ہوا۔
جلسہ میں موجود سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو نامزدگی کے وقت توجہ دینے کیلئے اہم نکات سے واقف کرایاگیا۔
ضلع کی دو پارلیمانی سیٹوںمیںسے ۴۳کانپور کیلئےضلع مجسٹریٹ کی عدالت کلکٹریٹ میں جبکہ ۴۴ اکبر پور میں نامزدگی کے پرچے اے ڈی ایم شہر کانپور نگر میں جمع کرائے جائیں گے۔
جلسہ میں بتایاگیاکہ نامزدگی فارم کا خاکہ دو کا ہے اور نامزدگیوں کے ساتھ منسلک کئے جانے والے حلف نامہ کا خاکہ ۲۶ہے،جس کی کاپی انتخابی کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔
نامزدگی پرچہ داخل کرنے سے قبل ہر امیدوار کو علاحدہ بینک اکاؤنٹ کھولنا ہوگاجو کم سے کم نامزدگی داخل کرنے کے ایک روز قبل کھولاجانا چاہئے، یہ امیدوار اور اس کے پولنگ ایجنٹ کے جوائنٹ نام پر بھی ہوسکتاہے۔ایک امیدار زیادہ سے زیادہ چار سیٹ میں نامزدگی پرچہ داخل کرسکتاہے۔اس کیلئے ضمانت کی رقم جنرل امیدوار کیلئے ۲۵ہزارروپئے جبکہ ایس سی اور ایس ٹی امیدوار کیلئے ضمانت کی رقم اس کی نصف ہوگی۔
نامزدگی فارم اور خاکہ ۲۶پر ہرایک کالم بھراہونا چاہئے یا اس میں نافذنہیں لکھاہونا چاہئے۔یہ بھی بتایاگیاکہ حلف نامہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد اور اسکوٹنی کے ایک دن قبل تک لیاجانا لازمی ہے۔
الیکشن افسر نے بتایاکہ نامزدگی پرچہ آن لائن بھی داخل کیاجاسکتاہے۔نامزدگی داخل کرتے وقت فارم اے اور فارم بی کی اصل کاپی میں دستخط ہونا لازمی ہے۔
نامزدگی کی آخری تاریخ ۲۵؍اپریل دوپہر بعد تین بجے تک ہوگی۔سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو اس بات سے بھی واقف کرادیاگیاکہ نامزدگی والے کمرے کے سومیٹر کے دائرے تک محض تین گاڑیوں کی آنے کی اجازت ہوگی اور نامزدگی روم میں امیدوار کوملاکر صرف پانچ افراد ہی اندر داخل ہوسکتے ہیں۔
جلسہ میں چیف ترقیاتی افسر سدھیر کمار،ایس ڈی ایم وجوائنٹ مجسٹریٹ پرکھر کمار سنگھ، اے ڈی ایم مالیات راجیش کمار سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندے موجود تھے۔