لکھنؤ(نامہ نگار)مہا نگر پولیس کی گرفت میں آئے جعلی نوٹوں کے کاروباری بجرنگی کے ایک ساتھی کو جمعرات کو پنجاب پولیس نے لدھیانہ میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کو اس کے قبضے سے جعلی نوٹ کی ایک کھیپ بھی ملی ہے۔ وہیںمہا نگر پولیس کی ایک ٹیم بھی پنجاب پہنچ چکی ہے۔ پولیس اب ملزم کو ریمانڈ پر لے کر پوچھ گچھ کرنے کی بات کہہ رہی ہے۔انسپکٹر مہا نگر ناگیندر چوبے نے بتایا کہ منگل کو ان کی اور سرویلانس کی ایک ٹیم گول مارکیٹ کے نزدیک اندرانگر کے بجرنگی نام کے ایک شخص کو ڈھائی لاکھ روپئے کے جعلی نوٹ کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ ملزم نے بتایا کہ پنجاب کے لدھیانہ واقع کھنہ کے مقام پر جب وہ ہوٹل میں منیجر تھا تو راجو یادو نامی ایک شخص نے اس کی ملاقات مغربی بنگال کے مالداکے رہنے والے ایک شخص سے کرائی تھی۔ مالدا کے شخص نے اس کو جعلی نوٹ کے دھندے کے بارے میں بتایا تھا۔ اس کے بعد بجرنگی جعلی نوٹوں کا کاروبار کرنے لگاتھا۔
بجرنگی کے اس انکشاف کے بعد مہا نگر پولیس نے اس کی اطلاع پنجاب پولیس کو دی اور مہا نگر پولیس کی بھی ایک ٹیم لدھیانہ بھیجی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہا نگر پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی لدھیانہ پولیس نے راجو یادو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کو اس کے قبضے سے جعلی نوٹوں کی ایک کھیپ بھی ملی ہے۔ پنجاب پولیس ملزم راجو یادو سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ انسپکٹر مہا نگر نے بتایا کہ رات تک ان کی ٹیم بھی پنجاب پہنچ جائے گی۔ ملزم راجو یادو کو وارنٹ بی پر لے کر پوچھ گچھ کرنے کی بات بھی کہی جا رہی ہے۔