امروہہ(نامہ نگار)مخالف جماعتوں کے ذریعہ اعظم خاں کے بیان کو غلط طور پر پیش کیا جارہاہے۔ اعظم خاں نے کارگل جنگ میں صرف مسلمانوں کا ہی نہیں بلکہ تمام مذاہب کے فوجیوں کے بارے میں کہا تھا۔
یہ بات آج یہاں چوتھے مرحلہ میں ۱۷؍اپریل کو ہونے والے پارلیمانی انتخاب سے قبل سماجوادی پارٹی کی امیدوار حمیرہ اختر کی حمایت میں امروہہ گورنمنٹ کالج میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادونے کہی۔ مسٹر یادو نے بی جے پی کے وزیر اعظم منصب کے امیدوار مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو انتخاب میں اپنی کامیابی کا یقین نہ ہو اور وہ دو جگہوں سے قسمت آزمائی کررہاہو وہ ملک کی قیادت کس طرح سنبھالے گا۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے اپنے خطاب میں ریاست کی سماجوادی حکومت میں اقلتیوں کی فلاح کے لئے
شروع کی گئی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے مستقبل میں مزید اسکیموں کا نافذ کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے عوام سے سماجوادی پارٹی کی امیدوار حمیرہ اختر کو کثیر تعداد میں ووٹ دیکر پارلیمنٹ میں بھیجنے کی اپیل کی ۔ ریلی میں ریاستی کابینی وزیر محبوب علی، وزیر مملکت کمال اختر، وزیر مملکت کے درجہ یافتہ جاوید عابدی ودیگر پارٹی وغیرہ موجود تھے۔ امروہہ پارلیمانی حلقہ کی سماجوادی امیدوار حمیرہ اختر نے انتخابات کے بعد دھنگر، بنکر اور ڈھولک صنعت کو ترقی دینے کی یقین دہانی کرائی۔