رہبر انقلاب اسلامی نے ملک کے محنت کشوں سے خطاب میں اسلام میں کام اور محنت کشوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پابندیوں کے سامنے ایران کے جھکنے کو محال قرار دیا ہے-
سحرنیوز/ ایران: ملک بھر کے محنت کشوں نے آج حسینیہ امام خمینی رح میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی- رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ پابندیاں ، ملت ایران کو جھکنے پر مجبور نہيں کر سکتیں کیونکہ اس کی امیدیں سرحد پار سے وابستہ نہيں ہيں اور اس جذبے کو مضبوط بنانا چاہئے-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کا مقصد اسلامی جمہوری نظام پر دباؤ ڈالنا اور اسے مشکلات سے دوچار کرنا ہے تاکہ وہ سامراجی و استکباری راستے کی پیروی کرے- آپ نے فرمایا کہ واضح ہے کہ اسلامی نظام ، اسلامی غیرت اور عظیم قوم کے لئے منھ زوری کے سامنے جھکنا محال ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ ایک زندہ قوم ، دشمن کی دشمنی سے بھی مواقع پیدا کرتی ہے اور اس کی واضح مثال ہتھیاروں کا شعبہ ہےاور دوسرے میدانوں میں بھی دباؤ کے بطن سے عظیم پیشرفت حاصل ہوئی ہے- آپ نے فرمایا کہ ملت ایران کو اپنا استحکام کام ، عمل اور قومی اتحاد سے ثابت کرنا چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہم محنت کش برادری کی محنتوں کے تہہ دل سے شکرگذار ہيں فرمایا کہ مختلف ممالک اور ثقافتیں یوم محنت کش مناتی ہيں لیکن محنت کشوں کے بارے میں مادی دنیا کے نظریہ اور اسلام کے نقطہ نظر میں فرق ہے- آپ نے فرمایا کہ مادی دنیا ، محنت کش کو کل پرزوں اور گاڑیوں کی مانند، آلہ کار سمجھتی ہے جبکہ اسلام میں ایسا نہيں ہے۔
آپ نے فرمایا کہ محنت کش اور اس کی قدر و قیمت کے بارے میں اسلام کے نظریے کی بنیاد وہ اقدار ہيں جو وہ کام کے سلسلے میں قائل ہے- آپ نے اسلام میں محنت کش کو ذاتی قدر و منزلت کا حامل قرار دیا اور فرمایا کہ جس سماج میں محنت کش ہوں گے اس کی طاقت و قوت میں اضافہ ہوگا۔