لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لئے نامزدگی کا عمل شروع ہوتے ہی دہلی الیکشن کمیشن نے بدھ کو قومی راجدھانی کے ووٹروں سے اپنے امیدواروں کے بارے میں معلومات کی جانچ کرنے کی اپیل کی۔لوک سبھا انتخابات 2024 کے چھٹے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی نامزدگی کا عمل 29 اپریل کو شروع ہو گیا ہے اور یہ 6 مئی تک جاری رہے گا۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر نامزدگی داخل کرنے والے امیدواروں کی معلومات اپ لوڈ کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے تمام رجسٹرڈ ووٹروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پارلیمانی حلقوں یعنی چاندنی چوک، نارتھ ایسٹ، ایسٹ، نئی دہلی، نارتھ ویسٹ (ریزرو)، ویسٹ اور ساؤتھ کے امیدواروں کی طرف سے فارم 26 میں حلف نامہ جمع کرائے جا رہے ہیں۔
حلف نامے دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔ حلف ناموں میں تعلیمی قابلیت، منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں، عدالتی مقدمات، سرکاری واجبات اور کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے امیدواروں سے متعلق دیگر واجبات جیسی معلومات ہوتی ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے دہلی کے تمام ووٹروں کو مشورہ دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ویب سائٹ www.ceodelhi.nic.in پر اپنے امیدواروں کے بارے میں اعلان کردہ معلومات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔